کراچی 21؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ امجد صابری قتل کیس حل ہونے کے نہایت قریب ہے، پولیس نے اس سلسلے میں نہایت اہم گرفتاریاں اور برآمدگیاں کر لی ہیں۔ قتل میں براہ راست ملوث ملزمان کی تعداد 5 سے6 ہے جبکہ مجموعی طور پر ملوث ملزمان کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔ قتل اور ریکی کی واردات میں تین موٹرسائیکلیں استعمال ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی شہرت رکھنے والے قوال امجد صابری کے قتل کیس میں پولیس کو نہایت اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، تفتیش بتاتی ہے کہ امجد صابری جب گھر سے نکلے تو ایک شخص ان کی گلی میں کھڑا ان کی ریکی کر رہا تھا جبکہ امجد صابری کو قتل کرنے والے دوملزمان موٹرسائیکل پر تھے جنہوں نے ان کی گاڑی کو روک کر ڈرائیونگ سائیڈ سے فائرنگ کی اور پھر ونڈ اسکرین سے گولیاں برسائیں۔ اس ٹیم کے بیک اپ پر موٹرسائیکل سوار دو مسلح ملزمان موجود تھے جبکہ ان کے پیچھے بھی کور پرموٹرسائیکل سوار ایک مسلح ملزم موجود تھا جو حملے کی ناکامی کی صورت میں تمام ملزمان کو ہلاک کردیتا۔ جس مقام پر امجد صابری کو قتل کیا گیا وہاں دوملزمان راہگیروں کے روپ میں بھی ریکی کے لیے موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے اہم گرفتاریاں اور برآمدگیاں کر لی ہیں تاہم ابھی گرفتاریوں کی تعداد اور برآمدگیوں کی تفصیلات ظاہر نہیں کی جارہیں۔ جیونیوزکے رابطہ کرنے پر پولیس کے سینئر حکام نے نام نہ بتانے کی شرط پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات کار قتل کی محرکات اور ملزمان تک پہنچ گئے ہیں اوربہت جلد اس ہائی پروفائل کیس کو حل کرکے ملزمان کی گرفتاری اور دیگر تفصیلات ظاہرکردی جائیں گی۔